حکومت مدعی نہیں، قانون پر عمل ہوگا، عمران خان فتنہ ہیں، گرفتار کیا جائے گا، وزیر داخلہ 02 مئی ، 2022 لاہور، اسلام آباد(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے مقدمات کی مدعیحکومت نہیں لوگ ہیں،قانون پر عمل ہوگا، ذاتی عناداور سیاست کو مسجد نبویﷺ تک لے جانے کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا، پورا ملک میں اس واقعہ کی مذمت کررہاہےلیکن PTI نہیں بلکہ یہ کہتےہیں حکومتی لوگ جہاں جائینگے انکےساتھ ایساہی ہوگا، مریم اورنگزیب نےکہایہ لوگ اپنی گندی سیاست میں مسجدنبویﷺ کاتقدس تک بھول گئے،دوسری جانب پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مسجد نبویﷺ میں نعروں کے معاملے پر 6 مئی کو ملک بھر میں یوم حرمت رسول ﷺ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑکےساتھ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسجد نبوی ﷺ میں قابل افسوس واقعہ پیش آیا، واقعہ پر حکومت نہیں لوگ مدعی بنے ہیں، لوگوں کی جانب سے ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے، افسوسناک واقعہ کے تانے بانے پاکستان سے برطانیہ تک جاتے ہیں۔پاکستان میں لوگوں کو اس کام کیلئےاکسایا گیا اورترغیب دی گئی،ایک صاحب یہاں سے ایک گروہ لیکر وہاں پہنچے، برطانیہ سےبھی لوگ آئے، ایک صاحب یہاں سے ایک گروہ لےکر وہاں پہنچے، یو کے سے بھی لوگ آئے، ایک صاحب جو گرفتار ہوئے ہیں، انہوں نے تو خود اعتراف کیا، ان کیخلاف کسی ثبوت کی ضرورت نہیں،وہ صاحب خودفرمارہےتھےیہ ہوٹل میں چھپے ہوئے ہیں ہم نے انکو یہاں آنےسے روکا، یہ پریس کانفرنسوں میں کہتے رہے کہ دیکھیےگا انکے ساتھ وہاں کیا ہوگا، لوگوں نےاس واقعےپرغم اور غصے کا اظہار کیا،پورا ملک واقعے کی مذمت کررہا ہےجس جماعت پرالزام ہے وہ نہیں کررہی، کہا جارہا ہے واقعہ وہاں ہوا مقدمہ یہاں کیسے ہوسکتا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ ہماراموقف ہے کہ کسی کے عقیدے، احساسات کو نقصان پہنچے تو وہ قانونی راستہ اختیار کرے، یہ پریس کانفرنسوں میں کہتے رہے کہ دیکھیےگا انکے ساتھ وہاں کیا ہوگا، ہم اس معاملےمیں قطعی طورپر اس حق میں نہیں ہیں کہ حکومت کسی قانونی کارروائی کاحصہ بنے، اگر لوگ اپنے تحفظات کو قانونی طورپرایڈریس کرنا چاہتے ہیں توحکومت کو رکاوٹ نہیں بننا چاہیے،جن پر الزامات ہیں وہ تفتیش میں تعاون کریں، بتائیں کہ پریس کانفرنسزجھوٹی تھیں، حکومت اس معاملے میں میرٹ اور قانون پر عمل کریگی،جن لوگوں پر الزام ہے وہ آئیں اور اپنی وضاحت پیش کریں، برصغیر میں آج تک کسی نےچاند رات پر احتجاج کی کال نہیں دی تھی، آپ لوگ جھوٹے مقدمے بنا کر ہمیں جیلوں میں ڈالتے رہے ہیں، سیاسی اختلاف کو سیاست کے میدان کی حد تک رہنے دیں، وہ افراتفری اور انارکی چاہتے ہیں، وہ لوگوں کو ابھار رہے ہیں، اگر آپ لوگوں کوگھروں سےنہیں نکلنےدینگےتوآپ بھی گھروں سےنہیں نکل سکیں گے۔ وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نےمجھےہدایت کی تھی مقدمات کے اندراج کا معاملہ دیکھوں، یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور شرمناک ہے، 295کی دفعہ مقدس مقام پر ہلڑبازی پر لگتی ہے، قانون نے اپنا رستہ لیا ہے،تفتیش میں قانون نے اپنا راستہ لینا ہے، اب اس معاملےکوعدالتوں نےدیکھناہے،کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی، قانون کے مطابق پیش رفت ہوگی، عدالتیں اگرضمانتیں دیتی ہیں یامقدمات ختم کرنے کا حکم دیتی ہیں توہماری سرآنکھوں پر،حکومت اس معاملے میں قطعاً کوئی مداخلت نہیں کریگی۔ وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آبادمیں پریس کانفرنس میں کہامسجد نبویﷺ میں باقاعدہ منصوبہ بندی سے طوفان بدتمیزی بپا کیا گیا، مسجد نبوی ﷺ کے افسوسناک واقعہ کی ساری منصوبہ بندی عمران خان کی ایما پر ہوئی،یہ لوگ اپنی گندی سیاست میں اتنے اندھے ہوئے کہ مسجد نبویﷺ کا تقدس تک بھول گئے۔قبل ازیں وزیرداخلہ راناثناءاللہ نے عمران خان کو فتنہ قرار دیتے ہوئے انکی گرفتاری کا واضح اشارہ بھی دیدیا۔ ایک بیان میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ روضہ رسول ﷺ کے تقدس کو پامال کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، جو بھی شہری کارروائی کیلئے آئیگا حکومت رکاوٹ نہیں بنے گی۔دوسری جانب پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مسجد نبویﷺ میں نعروں کے معاملے پر 6 مئی کو ملک بھر میں یوم حرمت رسول ﷺ منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس شاہد خاقان عباسی کے زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے نمائندے ورچوئلی شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 6 مئی کو ملک بھر میں یوم حرمت رسولﷺ منایا جائے گا، 6 مئی کو جمعہ کی نماز کے بعد ملک بھر میں اجتماعات ہوں گے۔ اس حوالے سے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم کی صوبائی جماعتیں احتجاج کیلئے تیاریاں سے شروع کریں گی۔